حسن نواز کی بدولت پاکستان کرکٹ ٹیم آج ٹی ٹونٹی کرکٹ میں تیز ترین سو رنز بنانے میں کامیاب ہوئی ہے اور حسن نواز کی ابھی تک گوگل پر ڈھونڈنے سے کوئی تصویر نہیں مل رہی اور اگلے چند دن میں حسن میڈیا پر چھا جائے گا ، اس چکا چوند میں پڑنے سے پہلے کچھ گزارشات بہت ضروری ہیں ، خوشی کی بات ہے کہ احمد شہزاد ، فخر زمان سے زیادہ قابل کھلاڑی پاکستان ٹیم کو مل گیا ہے لیکن ہماری دعائیں یہی ہیں کہ یہ فارم تا دیر قائم رہے، شائد اس سے پاکستان کی ٹیم کا بھی فائدہ ہو اور مجھ جیسے جو لوگ پاکستان ٹیم کے ہارنے پر افسردہ ہوتے ہیں شائد ان کی زندگی میں ایک روگ کم ہو جائے ، میں آج تک اس صدمے سے نہیں نکل پایا جو حارث رؤف نے کوہلی سے لگاتار دو چھکے کھا کے دیا تھا۔
حسن نواز آج پاکستان کا ہیرو بن گیا ہے ، آج یہ عوام چیمپیئن ٹرافی کا غم بھول کر اس کو سیلیبریٹ کرے گی ، یہ بھول جائیں گے کہ ہم کتنی بری طرح ٹورنامنٹ سے باہر ہوئے اور حسن نواز کو کاندھے پر اٹھا لیں گے اور اس کا بہت نقصان ہو گا ، اگلے چند سال میں یہی حسن نواز ہمارے لیے اعظم خان بن جائے گا اور ہم پھر آسمان کی جانب دیکھنے لگ جائیں گے۔
حسن نواز نے آج پینتالیس گیندوں پر ایک سو پانچ کر کے اپنے طور ایک بہت اچھا اور شاندار کھیل پیش کیا ہے ، حسن نواز کو اس فارم میں رہنے کے لیے چاہیے کہ بے شک اپنی پانچ نمازیں پوری پڑھے مگر ٹیم میں موجود تبلیغی جماعت اور توکل گروپ سے دور رہے ، اپنے اردگرد حسن علی جیسے دوست جمع نہ ہونے دے جو “باوے تیرا ای آسرا ، باوے تو ای پاوا “ کی رٹ لگا کر اس کو کسی غلط فہمی کا شکار نہ کریں ، اپنے کسی فیملی ممبر کو اپنا فوکل پرسن نہ بنائے کہ وہ جذبات اور محبت میں آپ کو اچھا برا بتا ہی نہ سکے اور اس کے بر عکس ہمیشہ ملکہ جذبات بن کر آپ کے آگے دیوار بن جائے اور آپ میں تنقید سننے کا حوصلہ اور سامنا کرنے کی ہمت ہی نہ رہے ، آپ نے پڑھا ہے یا نہیں آپ کو اپنی کمیونیکیشن سکل بنانا پڑے گی ، آپ اپنی قومی زبان سے محبت کرو مگر یہ مت بھولو کہ انگریزی ساری دنیا میں بولی اور سنی جاتی ہے ، آپ کی شخصیت کا پہلا امپریشن آپ کے پورے ٹوؤر میں سامنے والی ٹیم اور میڈیا کو ہوشیار اور مؤدب بنا سکتا ہے ، اگر آپ کی باڈی لینگوئج آپ کی سکل کی طرح شاندار نہیں ہے تو لوگ آپ کو کبھی سیریس نہیں لے سکتے الٹا آپ طنز کا نشانہ بنیں گے ، اگر آپ کے پاس پیسہ آ جائے تو اسے بھی مہربانی کر کے اپنی سکل ڈویلیپمنٹ پر لگانا کسی سابقہ کھلاڑی کی طرح اپنی امیج بلڈنگ میں نہ لگ جانا، یہ تمام سبق سابقہ کھلاڑیوں نے ہی دیے ہیں اور پاکستان نے ان سابقہ کھلاڑیوں کی وجہ سے بہت نقصان سہہ لیا ہے ، ہو سکے تو آپ مداوا کر دینا۔
ایک پاکستانی