وولوو ایک سویڈش آٹوموبائل کمپنی ہے جس کی مارکیٹنگ میں سیفٹی پر پوری طرح زور دیا جاتا ہے اور تاریخی طور پر وولوو پہلی کمپنی تھی جس کے انجینئرز نے سیٹ بیلٹ ، رئیرفیسڈ چائلڈ سیٹ ، بوسٹر سیٹ اور سائیڈ کے ائیر بیگ متعارف کروائے۔ یہ وولوو کا ایک مختصر سا تعارف ہے لیکن آج ہم بات کرنے والے ہیں وولوو آئی لینڈ کی۔ وولووآئ لینڈگوگل میپ پر ۲۰۱۵ سے موجود ہے لیکن سنی سنائی کہانیوں کے مطابق یہ آئی لینڈ ۲۰۱۲ میں وجود میں آیا۔
وولوو آئی لینڈ امریکہ کی ریاست الینوآئز میں، شکاگو سے کوئی ۸۰ کلومیٹر دوراوٹاوا میں موجود ہے ( یہ اوٹاوا ، کینیڈا کا دارلخلافہ نہیں بلکہ ایک چھوٹا شہر ہے )۔ یہ آئی لینڈ ایک مقامی شہری سکاٹ من کی ذاتی ملکیت ہے، یہ آئی لینڈ ایک چھوٹی سی جھیل میں واقع ہے اور سائز کے اعتبار سے کار جتنا ہے ، اس آئی لینڈ پروولوو کمپنی کی ۲۰۱۱ میں بنائی گئی s80 سیڈان کار (پاکستان میں جیسے ڈگری ، ڈگری ہوتی ہے ایسے ہی کار تو کار ہوتی ہے لیکن کچھ ممالک زیرنظر تصویر میں نظر آنے والی ساخت کی کار کو سیڈان کہتے ہیں) پارک کی گئی ہے جو بہت عرصے تک وہاں کے مقامی لوگوں اور سیاحوں کے لیے ایک سوالیہ نشان تھی کہ پہلے جھیل بنی یا پہلے کار وہاں لائی گئی ؟ تاہم یہ ابہام سکاٹ من کی ایک اسسٹنٹ نے دور کر دیا جب اس نے بتایا کہ سکاٹ ایک دلچسپ انسان ہے اور اس کے دماغ میں نئے سے نئے تجربے کرنے کی لگن رہتی ہے ، سکاٹ کے اپنے دو کار کے ورکشاپس ہیں اور یہ کار اس نے خود کسی گاڑی سے کھینچ کر اس جگہ لائی اور کھڑی کر دی، اس وقت یہاں پانی نہیں تھا بلکہ ایک غار کی طرح جگہ تھی جو بعد میں بارش کے پانی سے بھر دی گئی۔ سکاٹ نے شروع میں اس کو یہ سوچ کر کھڑا کیا کہ ایک عوامی دلچسپی کی جگہ بنے گی تو یہاں پر مختلف طرح کے مقابلہ منعقد کرائیں گے لیکن جھیل کی گہرائی کو دیکھتے ہوئے جو کہ تقریبا چالیس فٹ ہے ، یہ منصوبہ بند کر دیا گیا کہ ایسے نہ ہو کہ ان مقابلوں اور تجسس کی وجہ سے کوئی کم عمر اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ بعد میں سکاٹ نے سوچا کہ اس کار کو اپنی ورکشاپس کی مارکیٹنگ کے لیے استعمال کرے لیکن ایسا کرنے سے اس آئی لینڈ کی پراسراریت ختم ہو جاتی تو اس خیال کو بھی سکاٹ نے دل سے نکال دیا۔ آنے والے دنوں میں وولووآئی لینڈ جو کہ وہاں پارک کی گئی کار کی نسبت سے مشہور ہوا، ایک عوامی دلچسپی کی جگہ بن کر ابھرا ،تا دم تحریر گوگل میپ پر باسٹھ ریویوز کے ساتھ مختلف آراء کو دیکھتے ہوئے ، وولووآئی لینڈ لوگوں کے لیے پراسرار، خوبصورت اور ایک ذہنی وسعتوں کو جلا بخشنے والی جگہ ہے۔
آٹو ایوولیوشن کے شکریہ کے ساتھ۔
عاقل اعوان
